الیکشن کمیشن نے 12 سیاسی جماعتوں کی پارٹی رجسٹریشن بحال کر دی


اسلام آباد(24نیوز) الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 12 دیگر سیاسی جماعتوں کی پارٹی رجسٹریشن بحال کر دی،متحدہ کے وکیل بیرسٹرفروغ نسیم کا کہنا  تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ایم کیوایم پاکستان کی رجسٹریشن منسوخی کےخلاف کیس کی سماعت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار،بیرسٹرسیف اور فروغ نسیم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔فروغ نسیم نے کہا کہ 60 روز کے اندر کوائف جمع کرانا ضروری نہیں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسارکیا کہ آپکی ایم کیو ایم کونسی ہے؟ فروغ نسیم نے بتایا کہ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی جانب سے پیش ہوئے ہیں۔ فروغ نسیم نے استدعا کی کہ ایم کیو ایم کی قانونی لوازمات کی تفصیلات منظور کرکے پارٹی بحال کی جائے۔ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 12 دیگر سیاسی جماعتوں کی پارٹی رجسٹریشن بحال کردی۔ الیکشن کمیشن نے 13 سیاسی جماعتوں کومطلوبہ تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی ، پیپلزمسلم لیگ،تحریک اہلسنت ، مسلم الائنس ،آل پاکستان تحریک ، عام لوگ پارٹی ،مسلم لیگ کونسل، راہ حق ،مسلم لیگ جونیجو ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور اسلامک ریپبلکن پارٹی کی رجسٹریشن بحال کرنے کا حکم دیا گیا۔