اصغر خان کیس،اٹارنی جنرل کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس برہم

اصغر خان کیس،اٹارنی جنرل کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس برہم


لاہور( 24نیوز ) سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ حکومت ایک ذیلی کمیٹی بنا کر بھاگ گئی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں اصغر خان فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران اٹارنی جنرل عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کی جگہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کمرہ عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں کیا فیصلہ ہوا؟ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کابینہ نے مثبت فیصلہ کرلیا ہے اور اٹارنی جنرل پیش ہوکر عدالت کو آگاہ کریں گے۔

پڑھنا مت بھولیں:  خواجہ آصف کی نااہلی ختم

اشتر اوصاف کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا اہم کیس لگا ہوا ہے، لیکن اٹارنی جنرل کو پروا نہیں،وفاقی کابینہ نے اصغر خان کیس عملدرآمد کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، کئی سالوں سے یہ کیس پڑا ہے، کیا کابینہ کا یہ کام ہوتا ہے'؟
انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ ایک سب (ذیلی) کمیٹی بنا کر حکومت بھاگ گئی۔سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف کو کل 2 جون کوطلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز اصغر خان کیس پر کابینہ کا اجلاس نہ بلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو کل شام تک کی مہلت دی تھی۔
تاہم وفاقی کابینہ نے اپنے آخری اجلاس میں اصغر خان کیس پر عملدرآمد سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کے بارے میں کوئی بھی حتمی حکم یا ہدایت دینے سے گریز کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدلیہ، پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن کے ادارے اپنی کارروائی میں آزاد ہیں اور متعلقہ ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
یاد رہے کابینہ اجلاس کی صدارت کرنے والے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کابینہ سے متعلق نہیں اور نہ ہی وہ اس کو آئندہ حکومت پر چھوڑنے کی بات کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 1990 ءکی انتخابی مہم کے حوالے سے یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس انتخابی مہم کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتوں اور رہنماوں میں پیسے تقسیم کیے گئے،اس حوالے سے ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، یہ کیس پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اصغر خان کیس کے نام سے مشہور ہے۔