الیکشن کمیشن نے خواتین، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تفصیلات جاری کر دیں

الیکشن کمیشن نے خواتین، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تفصیلات جاری کر دیں


اسلام آباد (24 نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی ترجیہی فہرست طلب کر لی ۔ ملک بھر کے تمام ریٹرننگ افسران کو کاغذات نامزدگی بھی پہنچا دیئے گئے۔ کاغذات نامزدگی فارم کے مطابق امیدوار کو آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنا ہوگا۔

24 نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی ترجیہی فہرست طلب کرتے ہوئے 6 جون تک چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے پاس ترجیہی فہرستیں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ الیکشن کمیشن نے صوبوں اور قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پی ٹی آئی رہنماوں میں اتفاق نہ ہو سکا 

قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 199 اور اقلیتوں کی تعداد 33 ہے۔ قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 60 اور صوبائی اسمبلیوں میں 139 ہے جبکہ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی تعداد 10 اور صوبائی اسمبلیوں میں 23 نشستیں ہیں۔

قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 33، سندھ میں 14 ، بلوچستان میں 4، خیبرپختونخوا میں 9 ہے۔ صوبائی اسمبلیوں میں پنجاب میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 66، سندھ میں 29 ، خیبرپختونخواہ میں 33 اور بلوچستان میں 11 ہے۔پنجاب میں اقلیتوں کی نشستوں کی تعداد 8، سندھ میں 9، بلوچستان میں 3،خیبرپختونخوا میں 3 ہے۔