جڑانوالہ: انسان نما گدھ نےمعصوم بچی نوچ ڈالی


جڑانوالہ (24 نیوز) کمسن بچی سے زیادتی کے بعد قتل کا ایک اور اندوہناک واقعہ، جڑانوالہ میں گھر سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ہیلی کاپٹر دیکھنے جانےے والی سات سال کی مبشرہ کی لاش گھر کے قریب کھیتوں سے مل گئی، بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا.
انسانی رویہ جانوروں سے بھی بدتر ہوگیا، معصوم بچیوں سے زیادتی اور ان کے قتل کے واقعات نہ رک سکے۔ابھی چند روز پہلے جڑانوالہ کی عابدہ کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا، تو اب سات سال کی مبشرہ کو بھی اسی درندگی کا نشانہ بنا دیا گیا۔مبشرہ کو بھی زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا گیا، بچی کی لاش گھر کے قریب کھیتوں سے ملی۔
کمسن مبشرہ وزیر اعلی پنجاب کی آمدکی خبر پر ہیلی کاپٹر دیکھنے کے شوق میں گھر سے نکلی، لیکن زندہ واپس نہ آئی، لاش ملی بھی تو ایسی حالت میں جو بیان سے باہر ہے۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس کے مطابق بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی، لیکن ملزم کا سراغ نہ مل سکا۔

واقعہ کے بعد سول سوسائٹی وکلا اور سماجی تنظیموں سمیت شہریوں کی جانب سے جڑانوالہ میں احتجاجی مظاہرہ دیا جا رہا ہے۔ان کی جانب سے مبشرہ کو بھی جڑانوالہ کی زینب قرار دیا جا رہا ہے۔ مظاہرین نے جڑانوالہ کچہری چوک کو مکمل طور پر بلاک کر دیا ہے۔