کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں: آرمی چیف پاکستان

کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں: آرمی چیف پاکستان


راولپنڈی( 24نیوز )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے 62 افراد کے قتل میں ملوث 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔پاک فوج کے سربراہ نے کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے مذمت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی جب کہ 5 دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ دہشت گرد شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔

ضرور پڑھئے: اقوام متحدہ کے ارکان گونگے، بہرےہو چکے ہیں، مشال ملک

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے 5 شہریوں، 11 پولیس اہلکاروں، ایف سی کے 46 اہلکاروں کو قتل کیا جب کہ سزائے موت پانے والے مجرموں میں معروف قوال امجد صابری کے قاتل بھی شامل ہیں، ان مجرموں کو فوجی عدالت نے سزائیں سنائیں۔

  آئی ایس پی آر کے مطابق امجد صابری کے قتل میں محمد اسحاق ولد محمد ابراہیم اور محمد عاصم ولد عبدالرحمان جب کہ پشاور کے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملے میں ملوث محمد عارش خان ولد محمد اسلم،سزائے موت سنائی گئی، اس کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل محمد یوسف اور 16 جوانوں کے قتل میں محمد رفیق ولد حمید خان کو سزائے موت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حبیب الرحمان ولد کھوبہ گل کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل انور عباس اور 3 جوان شہید ہوئے، محمد فیاض ولد گل فراز کے حملوں میں تین فوجیوں سمیت 8 افراد شہید ہوئے، اسماعیل شاہ ولد نیک بادشاہ اور فضل محمد ولد عبدالمتین فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ حضرت علی ولد محمد علی 4 فوجیوں اور حبیب اللہ ولد انور بیگ پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

پڑھنا نہ بھولئے: کشمیر میں بھارتی درندگی کی انتہا،شہداءکی تعداد 17ہوگئی

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ظلم کے ذریعہ حق خودارادیت کی کوششوں کو دبایا نہیں جا سکتا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں۔