پرویز خٹک کے ارمان خاک میں مل گئے


پشاور( 24نیوز ) ملک بھر میں مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 70 میں دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان کامیاب ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی کے شاہ فرمان ہارگئے ہیں ادھر فیصل آباد میں عابد شیر دوبارہ گنتی میں بھی نہیں جیت سکے،یہاں پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کی جیت برقرار ہے اور انہوں نے بارہ سو ووٹوں سے فتح حاصل کی ہے۔
عام انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 70 پشاور 5 سے تحریک انصاف کے امیداور شاہ فرمان نے 15 ہزار 404 ووٹ لیے تھے اور ان کے مدمقابل اے این پی کے خوشدل خان کے حصے میں 15 ہزار 357 ووٹ آئے تھے اور اس طرح شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب قرار دیئے گئے تھے۔
اے این پی کے خوشدل خان نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس پر ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس میں خوشدل خان اپنے حریف شاہ فرمان پر سبقت لے گئے ہیں،ریٹرننگ افسر کے مطابق پی کے 70 میں دوبارہ گنتی کے بعد خوشدل خان 187 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ا پوزیشن نے نئی نویلی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا پروگرام بنالیا
واضح رہے کہ شاہ فرمان ایک اور صوبائی نشست پی کے 71 سے بھی کامیاب ہوئے ہیں، اس طرح وہ کے پی کے اسمبلی کے رکن ہوں گے،یہ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے کے پی کے میں وزیر اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے،ادھر علی محمد خان بھی دوبارہ گنتی میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں 66 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے تاہم شاہ فرمان کی شکست کے بعد اس کی ایک نشست کم ہوگئی ہے جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کی خیبرپختونخوااسمبلی میں نشستوں کی تعداد اب 7 ہوگئی ہے۔