مقبوضہ کشمیر میں جشن عید میلاد نبیﷺ عقیدت و احترام سے منایا گیا

مقبوضہ کشمیر میں جشن عید میلاد نبیﷺ عقیدت و احترام سے منایا گیا


مقبوضہ کشمیر (24نیوز) دنیا بھر کی طرح مقبوضہ کشمیر کی جنت نظیر وادی میں بھی بی بی آمنہ کے پھول کا جشن ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، وادی میں درود و سلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں، مساجد اور درگاہوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا گیا، میلاد نبیؐ کے حوالے سے جلوس بھی نکالے گئے۔

تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی کے گوشے گوشے سے بھی عید میلاد النبی کے موقع پر درود و سلام کی صداءیں بلند ہوتی رہیں ، ربیع اول کے باسعادت موقع پر گلی ، محلوں اور بازاروں کی رونقیں دیدنی تھیں ، مساجد اور درگاہوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

مقبوضہ وادی میں نکالے گئے ربیع اول کے جلوسوں میں کشمیر کی آزادی کی گونج بھی شامل رہی اور کشمیری مسلمان بھارتی حکومت اور فوج کی جارحیت کے خلاف بھی نعرے بلند کرتے رہے، شدید سردی اور برف باری کے باوجود بچوں اور خواتین سمیت لاکھوں کشمیریوں نے عید میلاد النبی کی بابرکت محافل میں شرکت کی۔

مساجد اور درگاہوں کی رونق بھی دیدنی تھی، جہاں آزادی کشمیر کے حوالے سے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، محافل نعت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی سیرت بھی بیان کی گئی۔

بھارتی فوج نے عید میلاد النبی کے موقع پر بھی آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی کو ان کی رہائش گاہ میں نظر بند رکھا گیا۔