رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ لے کر ہی رہیں گے: حمید الدین سیالوی

رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ لے کر ہی رہیں گے: حمید الدین سیالوی


سرگودھا (24 نیوز): پیر آف سیال شریف حمید الدین سیالوی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا استعفیٰ لے کر ہی رہیں گے، ہم نے اس سے دین کی وضاحت نہیں سننی۔

 

تفصیلات کے مطابق پیر آف سیال شریف حمید الدین سیالوی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ سے استعفیٰ لے کر میں آپ کے سامنے پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور کہا کہ جناب اسلام آباد سے دھرنا اٹھ گیا ہے۔ حکومتی وفد نے مجھ سے سوال کیا کہ اسلام آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد آپ کا دھرنا لاہور میں کیوں ہو رہا ہے؟ میں نے کہا کہ یہ دھرنا صرف لاہور میں ہی نہیں بلکہ جگہ جگہ ہو گا جب تک رانا ثناءاللہ اپنا استعفیٰ نہیں پیش کرتا۔

 

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے وزیر مذہبی امور زعیم قادری پیر آف سیال شریف حمید الدین سیالوی کے صاحبزادے رکن پنجاب اسمبلی غلام نظام الدین سیالوی کو منانے آستانہ عالیہ سیال شریف پہنچے، لیکن صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے نام ایک حکم لے کر لوٹ آئے۔

 

پیرحمیدالدین سیالوی نے صوبائی وزیر زعیم قادری کو کہا کہ رانا ثناءاللہ اپنے استعفے کے ہمراہ یہاں آئیں، اپنے عقائد ہمیں بتائیں۔ انہوں نے مطمئن کر لیا تو استعفے نہ دیں ورنہ سمجھ لیں پانی پلوں کے نیچے سے گزر گیا۔

 

پیر حمید الدین سیالوی نے انہیں متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ان کے پاس41 سے زائد ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے موجود ہیں جنہیں کوئی روک نہیں سکتا۔