پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا: چینی وزارت خارجہ

پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا: چینی وزارت خارجہ


بیجنگ (24 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد چین اپنے دیرینہ دوست ملک کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہوا۔

آؤٹ لک انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیئے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔ جب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ سے ٹرمپ کی پاکستان پر حالیہ تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، ' پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا ہے اور انسداد دہشت گردی کے عالمی مقصد کے لیے اس کی خدمات غیر معمولی ہیں، عالمی برادری کو انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ 'چین کو خوشی ہے کہ پاکستان علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی غرض سے باہمی احترام کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سمیت عالمی تعاون میں مصروف ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ 'چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست ہیں اور ہم دونوں فریقین کے فائدے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے وقتاً فوقتاً پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے جبکہ چین نے ہمیشہ اپنے پڑوسی اور دوست ملک پاکستان کی حمایت کی ہے۔