"فواد چودھری نے خود اپنے وزیراعظم پر چارج شیٹ لگائی"



کراچی( 24نیوزمولابخش چانڈیو نے کہا کہ فواد چودھری نے اپنے ہی وزیراعظم پر چارج شیٹ لگا دی،پاکستان میں حکومت کون چلا رہا ہے؟فیصلے کون کررہا ہے؟  پیپلزپارٹی نے فواد چودھری سے وضاحت مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیوکا کہناتھاکہ اب تو حکومتی ایوانوں سے بھی خراب انداز حکمرانی پر صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں،  پی ٹی آئی حکومت کے اندر سے سیاسی خانہ بدوشوں کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا ہے، فواد چودھری نے خود اپنے وزیراعظم پر چارج شیٹ لگا دی ہے،سابق وزیراطلاعات وضاحت کریں کہ حکومت کون چلا رہا ہے اور ان کا اشارہ کن کی طرف ہے، ان کاکہناتھاکہ پیپلز پارٹی کے قائد بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی پیشین گوئیاں درست ثابت ہو رہی ہیں، اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے خود عمران خان ہی کافی ہیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ یہ حکومت اپنے وزن سے گرے گی۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت کی صفوں میں انتشار تو تھا یہ پہلی الاعلان صدا ہےجو باہر آئی ہے، حکومت کی صفوں میں بھی کوئی ایک شخص نہیں جو حکومت سے مطمئن ہو،  سیلیکٹ وزیراعظم نے صرف چند لوگوں کو گلے لگا رکھا ہے باقی سب ناراض ہیں، عوام حکومتی پالیسیوں سے نالاں تھے، اتحادی بھی غیرسنجیدگی کی وجہ سے دور ہوئے، اب تحریک انصاف کے وزرا نے خود خراب طرز حکمرانی پر بولنا شروع کر دیا ہے، حالات بتا رہے ہیں کہ یہ چنگاری جلد شعلہ بن کر اس حکومت کو راکھ بنا دے گی۔

مولابخش چانڈیوکا مزید کہناتھا کہ اس حکومت نے ماہ رمضان میں بھی عوام کے مسائل اور مصائب کا خیال نہ رکھا، لوگ تنگ آ کر سڑکوں پر آ رہے ہیں، سیاسی جماعتیں متحد ہو چکی ہیں،  حکومت نے خود ججز کے خلاف ریفرنس دائر کر کے وکلا کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے، سیاسی جماعتیں جس دن تحریک کا فیصلہ کریں گی، حکومت گھر چلی جائے گی۔

M.SAJID KHAN

CONTENT WRITER