کراچی: پاک بحریہ کی قوتوں میں اضافے کا سلسلہ تیزی سے جاری


   کراچی (24نیوز) شپ یارڈ میں پاک بحریہ کی قوتوں میں اضافے کا سلسلہ تیزی سے جاری۔ کراچی شپ یارڈ میں تیار 32 ٹن وزنی نئے بولارڈ پل ٹک کو پانی میں اتار کر باقاعدہ پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لئے تیار کیئے جانے والے 32 ٹن وزنی بولارڈ پل ٹگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سکریٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ شپ یارڈ میری ٹائم سیکٹر میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

 اور 32 ٹن وزنی بولارڈ پل ٹگ سمیت مختلف جسامت اور صلاحیتوں کے جہازوں کی بروقت تکمیل باعث فخر ہے۔ سی پیک ملک کو بڑے انڈسٹریل حب میں تبدیل کررہا ہے اور کراچی شپ یارڈ کے بعد گوادر شپ یارڈ کا قیام ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی کراچی سپ یارڈ ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے مہمان خصوصی کو اعزازی شپ ماڈل بھی پیش کیا جس کے بعد نئے بولارڈ پل ٹگ کو پانی میں اتار دیا گیا۔

پاک بحریہ کے لئے تیار کیئے گئے 32 ٹن وزنی نئے بولارڈ پل ٹگ کی لمبائی 34 میٹر چوڑائی نواعشاریہ 4 میٹر اور رفتار 12نوٹیکل میل فی گھنٹہ ہے جسے اب باقاعدہ پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا ہے۔