خواجہ آصف نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا


اسلام آباد(24نیوز)  مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق وزیر داخلہ خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کردیا اور  سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں کہا گیا ہےکہ کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طور پر ظاہر نہ کر سکا، اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈیکلیئرڈ اثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی۔

درخواست میں موقف کیا گیا ہے کہ رٹ دائر ہونے سے پہلے ہی بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر دیا تھا۔انھوں نے مزید کہا  کہ  2015 میں خود اقامہ ظاہر کیا، اس لیےاس عمل کو بدنیتی نہیں کہا جا سکتا۔

خواجہ آصف نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ رد کریں اور قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن ختم کیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف، جماعت اسلامی کی ”منتوں“پر اتر آئی

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر شواہد غیر فعال بینک اکاؤنٹ کو ظاہر نہ کرنا بدنیتی قرار دیا جب کہ عدالتی فیصلے میں ملکی اور یو اے ای قوانین کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں 6.8 ملین روپے کی بیرونی آمدن کو ظاہر کیا اور ظاہر کردہ آمدن میں تنخواہ بھی شامل تھی جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قیاس آرائیوں پر مبنی فیصلہ دیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کو    تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔