سلیکٹڈحکومت نے غیر جانبدار صحافیوں کیلئے زمین تنگ کردی:بلاول

سلیکٹڈحکومت نے غیر جانبدار صحافیوں کیلئے زمین تنگ کردی:بلاول


اسلام آباد( 24نیوز ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحافی مخالف جرائم پر عدم کارروائی عالمی مسئلہ بن چکا ہے،غیرجمہوری حکومتیں اور انتہا پسند قوتیں آزادی صحافت کو بھی کرہِ ارض سے معدوم کرنا چاہتی ہیں،کسی بھی بین الاقوامی مسئلے کا حل کسی ایک قوم کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس انتھائی مسئلے کا حل عالمی برادری کی سنجیدگی اور عملی اقدامات سے منسلک ہے، پاکستان میں دائیں بازو کی سابقہ حکومت نے پیڈ جرنلزم کو تقویت دی،حالیہ سلیکٹڈ گورنمنٹ نے معتبر و غیرجانبدار صحافیوں کیلئے زمین تنگ کردی،صحافیوں کی تنظیمیں پاکستان کو صحافیوں کیلئے خطرناک علاقہ قرار دے رہی ہیں،ایسی صورتحال قابلِ تشویش ہے، لیکن حکمران اور کارپوریٹ میڈیا کا راوی چین ہی چین لکھتا ہے۔

پیپلز پارٹی کی حکومتیں صحافت کے خلاف آمروں کے سیاہ قوانین دفن کرتی رہی ہیں لیکن اقتدار پر مسلط ہونے والی دائیں بازو کی قوتیں بار بار ان قوانین کو نافذ کردیتی ہیں،ملک میں آج بھی صحافی عدم تحفظ کا شکار اور صحافتی ادارے بقا کی جنگ لڑنے پر مجبور ہیں،جمہوریت اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، پیپلز پارٹی جدوجہد برائے آزادی صحافت کو جمہوریت کو مضبوط کرنے کی تحریک کا حصہ سمجھتی ہے۔