ویرات کوہلی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے

ویرات کوہلی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے


دہلی(24 نیوز): بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی مسلسل 2 ٹیسٹ اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے چھٹے بیٹسمین بن گئے ، کوہلی کی ڈبل سنچریوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، ویرات کوہلی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں چھٹی ڈبل سنچری بنا کر سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کے برابر آگئے ہیں، جس کے بعد ویرات ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کپتان اور چھٹے بیٹسمین  بن گئے ۔ ٹنڈولکر نے بھی 6 ڈبل سنچریاں بنائی تھیں جبکہ وریندر سہواگ نے چار ڈبل اور تین ٹرپل سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 5000 رنز مکمل کیے تھے، وہ یہ اعزاز پانے والے بھارت کے گیارہویں جبکہ کم ترین اننگز میں یہ اسکور کرنے والے چوتھے بیٹسمین ہیں۔  کوہلی نے یہاں تک پہنچنے کے لیے 105 اننگز کا سہارا لیا، سنیل گاوسکر نے 95، سہواگ نے 98 اور ٹنڈولکرنے 103 اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔