عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری


اسلام آباد (24نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، حلقہ بندیوں کا عمل 45 دن میں مکمل کیا جائیگا،30 دنوں میں اعتراضات بھی نمٹائے جائیں گے،ارکان قائمہ کمیٹی نے شیڈول پرتشویش کا اظہار کردی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس شیزرا منصب کی صدارت میں ہوا،الیکشن کمیشن حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے حلقہ بندیوں کے شیڈول سے آگاہ کیا حلقہ بندیوں کا عمل 15 جنوری سے 28 فروری تک مکمل کیا جائیگا،اعتراضات 5 مارچ سے 3 اپریل تک سنے جائیں گے، تمام اعتراضات 3 مئی تک نمٹائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن حکام نے یہ بھی بتایا کہ حلقہ بندیوں سےمتعلق کمیٹیوں کی تشکیل 5 جنوری تک کرلی جائے گی, حلقہ بندیوں کے عمل کی نگرانی الیکشن کمیشن خود کرے گا اور تمام اعتراضات بھی الیکشن کمیشن کا فل بنچ خودسنے گا۔

کمیٹی میں تمام ارکان کمیٹی نے حلقہ بندیوں سے متعلق شیڈول پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات 30 دن میں کیسے نمٹائے جائیں گے،تاہم ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ عام انتخابات بروقت ہوں گے۔