ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کر دیا، 9وکٹوں سے شکست

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کر دیا، 9وکٹوں سے شکست


شارجہ (24 نیوز) کرکٹ کے سلطان چھا گئے۔ پاکستان سپر لیگ تھری کے تیرھویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈئیٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ کی جانب سے 103رنز کا ہدف ملتان نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

103رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سےکمار سنگاکار اور احمد شہزاد میدان میں آئے اور انہوں نے کوئٹہ گلیڈئیٹرز باؤلز کو لائن اینڈ لینتھ ہی بھلا دی اور میدان کے چاروں طرف بہترین شارٹس کھیلے تاہم احمد شہزاد 35گیندوں پر 27رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان شعیب ملک نے سنگاکارا کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور 21 گیندوں پر 26رنز بنائے۔

جبکہ کمار سنگاکارا44گیندوں پر51 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطانز کی واحد گرنے والی وکٹ حسن خان کے حصے آئی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو ان کی پوری ٹیم 15.4اوورز میں102پر ہی آﺅٹ ہوگئی۔ان کی اننگ میں سرفراز احمد30،شین واٹسن19اور محمداللہ15رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھئے: ملتان سلطانزکے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 102 رنز پر ڈھیر، عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک 

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور سہیل تنویر نے 3,3جبکہ جنید خان نے 2اور محمد عرفان اور شعیب ملک کے حصہ میں ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کو اب تک دو میچوں میں کامیابی ملی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بارش کے باعث نہیں ہو سکا جس کے باعث ایک پوائنٹ ملا اور کل 5 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی ٹورنامنٹ میں 4 میچز کھیل کر 4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ سرفراز الیون کو 2 میچز میں کامیابی اور 2 میں شکست کا سامنا رہا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے میچ میں جیت اہم ہے کیونکہ کامیابی کی صورت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسری پوزیشن پر آ جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں: