جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی راہیں جدا،وزراءمستعفی ہو گئے

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی راہیں جدا،وزراءمستعفی ہو گئے


پشاور( 24نیوز )ساڑھے چار سال سے زائد عرصہ تک خیبر پی کے حکومت میں اکٹھی رہنے والی جماعتوں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی راہیں جدا ہوگئی ہیں، جماعت اسلامی کے وزرائاور پارلیمانی سیکریٹری عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔
دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سراج الحق سے ملاقات کرکے حکومت نہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف، جماعت اسلامی کی ”منتوں“پر اتر آئی

پشاورمیں وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، اچھی شراکت اقتدار کے بعد الگ ہو رہے ہیں، دوستانہ ماحول میں علیحدگی اختیار کرکے اچھی سیاسی روایت قائم کی ہے، وزیراعلیٰ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بھرپور تعاون کیا، میرٹ کا قیام ہمارا مشترکہ ایجنڈا تھا، عوامی مفاد سب سے مقدم ہے، عوامی مفاد کے لیے آئندہ بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی ،پی ٹی آئی کو گھر میں شسکست دینے کیلئے تیار

اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اب ایم ایم اے کا حصہ بن چکی ہے، ہمارا کوئی اختلاف ہے اور نہ کوئی جھگڑا، ہم خوشی خوشی الگ ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی نے حکومت کے دوران ہماری کافی مدد کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل اسلام آباد میں فاٹا انضمام پر وفاقی نمائندوں سے ملاقات ہوئی، فیصلہ ہوا ہے کہ فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہوجائے گا، 2019 میں فاٹا کو ضم کیا جائے گا، اپوزیشن نے عدم اعتماد کے لیے درخواست دی تو گورنر کے حکم کے مطابق فیصلہ ہوگا، اپوزیشن جماعتوں نے میرے ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے جماعت اسلامی کے مستعفی ہونے والے وزراءمیں وزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیرخزانہ مظفر سید، وزیرمذہبی امور حبیب الرحمان اور پارلیمانی سیکریٹری محمد علی شامل ہیں،مستعفی ہونے والوں نے اپنے استعفے وزیراعلیٰ کو جمع کرادیئے ہیں۔