گھر کے شیر انگلینڈ میں ڈھیر ہوگئے

گھر کے شیر انگلینڈ میں ڈھیر ہوگئے


ساﺅتھمپٹن ( 24نیوز )گھر کے شیر انگلینڈ میں ایک بار پھر ڈھیر ہوگئے، بھارت کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا۔ انگلینڈ نے 5 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
انگلینڈ اور بھارت کے مابین جاری سیریز میں بھارت کو ایک اور جھٹکا اس وقت لگا جب چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 60 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز کی لیڈ سے دن کا آغاز کیا تو ان کے دونوں بلے باز انگلش لیڈ میں زیادہ اضافہ نا کر سکے اور بھارت کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں بھارتی ٹاپ آرڈر ایک بار پھرسٹورٹ براڈ اور جیمی اینڈریسن کی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آیا اور 22 رنز کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی پاویلین واپس روانہ ہوگئے،ویرات کوہلی اور اجینتا رحانے نے زمہ داری سے کھیلتے ہوئے 101 رنز کی شراکت کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔
بھارتی کپتان 58 رنز بنا کر معین علی کا شکار ہوئے۔ معین علی میچ میں 9 وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،بھارتی ٹیم 245 رنز کے تعاقب میں ایک سو چوراسی رنز پر ڈھیر ہوگئی، انگلینڈ نے 5 میچز کی ٹیسٹ سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔