آرمی چیف، امریکی وزیردفاع ملاقات، پاکستان کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ


 اسلام آباد (24 نیوز): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف نے افغانستان میں بھارتی مداخلت اور افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سکیورٹی اور افغانستان سے متعلق امور پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے خطے میں قیام امن کے لئے امریکی کوششوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کام کیا، پاکستان امن کے لئے ایک اہم عالمی شراکت دار کی حیثیت سے کردار جاری رکھے گا۔

 

آرمی چیف نے افغانستان میں بھارتی مداخلت اور افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ امریکی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

 

جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر اب بھی پاکستانی سر زمین افغانستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، امریکہ پاکستان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔