اپوزیشن کے ساتھ مل کرچیئرمین سینیٹ بنائیں گے: بلاول بھٹو


کراچی(24نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کہتے ہیں کہ کوشش ہے اپوزیشن کے ساتھ مل کرچیئرمین سینیٹ بنائیں، اپوزیشن سے رابطہ کررہے ہیں ن لیگ سے نہیں۔ ایم کیوایم اب ختم ہوگئی۔ ان کا حال یہ ہے کہ ان کے اپنے اراکین ہی پارٹی پر اعتماد کا اظہار نہیں کرتے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کراچی میں پوزیشن کمزور ہوچکی ہے عمران خان کو مشورہ دوں گا کارکنان کو اہمیت دیں، وہ نظریاتی کارکنوں کو آگے بڑھائیں خود اپنے امیدوارکو ووٹ نہیں دیں گے تودوسراکون آئے گا۔اے ٹی ایمز کو نہیں، لوگوں کو پتا ہے خیبر پختونخوا میں کوئی کام نہیں ہوا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی کوئی کام نہیں کیا ، صوبہ سندھ کی واحد حکومت ہے جس نے انسانی ترقی پر کام کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے ا چھے لوگوں کو سینیٹ کے لیے کھڑا کیا ہماری جماعت نے سینیٹ میں توقع سے زیادہ نتائج دیے، مسلم لیگ ن کا سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ غلط ہے ان کے امیدوار آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے ہیں، بلوچستان کے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کرینگے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عام انتخابات میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے، پیپلزپارٹی کا فوکس عوام کے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ بنائیں اس سلسلے میں اپوزیشن سے رابطہ کررہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔