پلا مچھلی کی دریائے سندھ آمد، مچھیروں میں خوشی کی لہر

پلا مچھلی کی دریائے سندھ آمد، مچھیروں میں خوشی کی لہر


حیدرآباد:(24 نیوز) سمندر سے دریا تک سفر کرنے والی پلا مچھلی دریائے سندھ، کوٹری بیراج کے مقام پر پہنچ گئی,  پلا مچھلی کی آمد کے ساتھ ہی مچھیروں نے شکار کے لیے دریا کنارے ڈیرےجمالیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پلا مچھلی کو دوسری مچھلیوں سے کافی منفرد اور خاص سمجھا جاتا ہے کیونکہ پورے سال انتظار کے بعد پلا مچھلی دو سے تین ماہ کے عرصے کے لئے مچھیروں کو نصیب ہوتی ہے، جس کی آمدن مچھیروں کے لیے بڑی خوشی کا باعث بنتی ہے۔

مچھیروں کا کہنا ہے کہ پلا مچھلی کا چھلکا چمکدار ہوتا ہے اور اس کی خوشبو دور تک محسوس کی جا سکتی ہے۔ اس کا ذائقہ بھی عمدہ ہوتا ہے، جبکہ اس کی خوراک صرف ریت ہوتی ہے۔ پلا مچھلی دریا میں جتنا سفر کرتی ہے اتنی ہی بڑی اور لذیذ ہوتی ہے۔

پچھلے کچھ سالوں سے پانی کی قلت کے سبب پلا مچھلی کے شکار میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، دریائے سندھ میں پلا مچھلی کی آمد کم ہونے سے مچھیروں کو گزر بسر کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔