سپریم کورٹ نےاورنج لائن منصوبہ کی تکمیل کیلئےڈیڈلائن دیدی

سپریم کورٹ نےاورنج لائن منصوبہ کی تکمیل کیلئےڈیڈلائن دیدی


اسلام آباد( 24نیوز ) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کیلئے نئی تاریخ مل گئی، سپریم کورٹ نے جنوری 2020 تک منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

تفصیلات کے مطابق  جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے منصوبے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار  کیا، عدالت نےاستفسار کیا منصوبہ کب مکمل ہوگا؟ اور ابتک کتنے پیسے خرچ ہوچکے ہیں، سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے آگاہ کیا کہ منصوبے پر ابتک 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

 جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ منصوبے میں تاخیر سے لاگت بڑھ رہی ہے، کیا اضافی لاگت سیکرٹری ٹرانسپورٹ ادا کریں گے، عدالت منصوبہ ہر حال میں مکمل کرائے گی،جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ یہ منصوبہ گزشتہ حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 میں مکمل ہونا تھا۔

جسٹس اعجاز الحسن کے استفسار پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سبطین فضل حلیم نے آزمائشی ٹرین چلانے سمیت دیگر تکنیکی جانچ کیلئے جنوری 2020 تک کا وقت دینے کی استدعا کردی جو منظور کرلی گئی، عدالت نے قرار دیا کہ کہ منصوبے کی نگرانی عدالت خود کرے گی،سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ ہوگی۔