امپیریل کالج کے طلباء کا ڈگریاں نہ ملنے پر احتجاج، ٹریفک کا نظام متاثر

امپیریل کالج کے طلباء کا ڈگریاں نہ ملنے پر احتجاج، ٹریفک کا نظام متاثر


 لاہور(24نیوز):امپیریل کالج کے طلباء ڈگریاں نہ ملنے پر مشتعل ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے بس کے شیشے توڑ دئیے۔ ملتان روڈ پر طلباء کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

امپیریل کالج کے طلباء نے ملتان روڈ پر صدائے احتجاج بلند کردی ۔ پانچ سال کی محنت اور لاکھوں روپے فیس دینے کے باوجود ڈگریاں نہیں مل رہیں۔مشتعل طلباء نے بس کے شیشے توڑ دئے اور سڑک ٹریفک کے لئے بلاک کردی۔ مظاہرین کا موقف ہے کہ بھاری فیسیں وصول کرکے تعلیم مکمل ہونے پر بھی ڈگریاں جاری نہیں کی گئیں جس سے مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

امپیریل کالج میں پانچ ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں، جن میں افغانستان سے سکالر شپ پر آئے طلباء بھی شامل ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کالج انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرے اور طلباء کا مستقبل محفوظ بنائے۔ملتان روڈ شاہکام چوک پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ سٹی ٹریفک پولیس نے آنے جانے والی گاڑیوں کیلئے متبادل راستوں سے گزارنا شروع کر دیا۔