سوئس بینک سے معاہدہ طے، کس کا کتنا مال؟ اب ملیں گی سب کی تفصیلات

سوئس بینک سے معاہدہ طے، کس کا کتنا مال؟ اب ملیں گی سب کی تفصیلات


اسلام آباد(24نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے سوئس حکومت نے بینک اکاؤنٹس سے متعلق پاکستان کے ساتھ معاہدے کی توثیق کردی جس سے تمام سوئس بینکوں کی تفصیلات مل سکیں گی، حکومت نے غربت کے خاتمے کا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ دو طرفہ معاہدے سے تمام سوئس بینکوں کی تفصیلات مل سکیں گی.  اہم معلومات 4 سے 6 ہفتوں میں مل جائیں گی. 5،6 سال اس معاہدے پر دستخط نہ کرکے ضائع کیے گئے۔

شہزاد اکبر کا کہناتھا کہ معاہدے کے تحت پرانی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، جرمن اتھارٹی سے بھی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کرلیا جب کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کے ساتھ بھی معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے بتایا کہ غربت کے خاتمے کا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے،غربت کے خاتمے کے ادارے کا سربراہ ڈاکٹر اشفاق حسن کو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے خرچے بھی دیکھے جا رہے ہیں، نواز شریف کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا نیا کیس نیب کو بھجوادیا، ان کی اہلیہ کے نام لندن میں فلیٹ ظاہرنہیں تھا، اس پر بھی نیب نواز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا رہا ہے اور اس حوالے سے تمام شواہد نیب کو بھجوادیے ہیں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔