نواز شریف کشمیریوں کے دشمن اور مودی کے دوست ہیں: راجہ پرویز اشرف


لاہور(24 نیوز) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف کشمیریوں کے دشمن اور مودی کے دوست ہیں۔

پیپلز پارٹی نے آج یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے موچی گیٹ گراؤنڈ لاہور میں پاور شو کا مظاہرہ کیا۔ جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف کشمیریوں کے دشمن اور مودی کے دوست ہیں۔ نواز شریف کہتے پھرتے ہیں مجھے کیوں نکالا، آپ کو اس لیے نکالا کیوں کے آپ نے کشمیر کو نقصان پہنچایا۔ آپ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی بات نہیں کرتے اور انڈین جاسوس کلبھوشن کا نام تک نہیں لیتے۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔

جلسے میں لاہور سمیت کشمیر، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ سے پارٹی جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنڈال میں جیالوں کا جوش و خروش عروج پر تھا۔ ہر طرف پارٹی ترانوں کی گونج تھی، نئے ترانے نے بھی جیالوں کا لہو گرمایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیلئے جلسہ گاہ میں ستر فٹ لمبا، چوبیس فٹ چوڑا اور دس فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا۔ لاہور کے تمام راستوں پر پارٹی بینرز اور پرچموں کی بہار رہی۔ آصف زرداری کو شیروں کا شکاری، تاج پوش بادشاہ اور پہلوان دکھا کر جیالوں نے اپنے قائد سے محبت کا منفرد اظہار کیا۔ جلسے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے 300 سے زائد کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔ موچی گیٹ کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے تھے۔ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے ٹریفک کیلئے متبادل روٹس بھی بتا دیئے گئے تھے۔

جلسے سے سابق صدر آصف زرداری، خورشید شاہ، اور قمر زمان کائرہ سمیت پارٹی کے دیگر خطاب کریں گے اور مخالفین پر تنقید کے نشتر چلائیں گے۔