کشمیریوں کا ماتھا چومنے والے ہی انکے خون سے غداری کرتے ہیں: خورشید شاہ


لاہور (24 نیوز) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ کشمیریوں کا ماتھا چومنے والے ہی انکے خون سے غداری کرتے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔

پیپلز پارٹی نے آج یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے موچی گیٹ گراؤنڈ لاہور میں پاور شو کا مظاہرہ کیا۔ جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ کشمیریوں کا ماتھا چومنے والے ہی انکے خون سے غداری کرتے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں سے کشمیر کی آزادی کیلئے آواز بلند کی گئی۔ ہمیں فخر ہے کہ کشمیر کی آواز اور جنگ کا آغاز اس جگہ سے کیا گیا۔ بھٹو شہید نے کہا تھا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہزاروں سال تک جنگ کرنی پڑی تو ضرور کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کیخلاف آواز اٹھائی، آج ہم اس تاریخی مقام پر کھڑے ہیں جہاں سے شہید ذوالفقار بھٹو نے ایک جمہوری سیاست کا آغاز کرتے ہوئے آمریت کے خلاف پارٹی کا جھنڈا بلند کیا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں کسانوں کیلئے آواز اٹھائی گئی اور ان کے حقوق کی بات کی گئی۔