وائٹ ہاؤس سے جاری بیانات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا


اسلام آباد (24 نیوز) وائٹ ہاؤس سے جاری بیانات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ ڈیڈلائنز، اعلانات مشترکہ خطرات سے نمٹنے کیلئے موافق نہیں، پائیدار امن کیلئے باہمی عزت و اعتماد ضروری ہے، پاکستان نے دہشتگرد کیخلاف جنگ میں اپنے وسائل سے 120 ارب ڈالر خرچ کیے۔

پاک امریکہ سیکیورٹی معاملات پر دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے رابطے میں ہے۔ امریکی فیصلے سے دونوں ممالک کے مشترکہ مقاصد پر اثرات ہوسکتے ہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے بڑھ کر لڑی۔ پاکستان نے دہشتگرد کیخلاف جنگ میں اپنے وسائل سے 120 ارب ڈالر خرچ کیے۔ خطے میں قیام امن اور لوگوں کو محفوط بنانے کیلئے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ انسداد دہشتگردی تعاون کا فائدہ سب سے زیادہ امریکہ اور عالمی برادری کو ہوا ہے۔ پاکستان کے اقدامات سے القاعدہ سمیت دیگر دہشتگرد گروپوں کا خاتمہ ممکن ہوا۔ القاعدہ اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں دونوں ملکوں کیلئے مشترکہ خطرہ ہیں۔