قصور میں بچیوں کے اغوا کا سلسلہ نہ رک سکا


قصور (24 نیوز) قصور میں بچیوں کے اغوا کا سلسلہ نہ رک سکا، کائنات بتول کے بعد سات سالہ بچی زینت کو بھی اغوا کرلیا گیا، جو گھر سے قرآن پڑھنے گئی مگر واپس نہیں آئی۔ پولیس ابھی تک بچی کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے۔

قصور میں کم سن بچیوں کو اغوا کے بعد درندگی سفاکیت اور موت کے گھاٹ اتار دینے کا سلسلہ نہ تھم سکا، مقامی انتظامیہ نے ماضی سے بھی سبق نہ سیکھا۔ تازہ واقعہ میں قصور کے علاقے روڈ کوٹ کی سات سالہ بچی زینت کو اغوا کرلیا گیا۔ معصوم کلی گھر سے قرآن پڑھنے گئی مگر واپس نہیں آئی۔ بچی کے والدین عمرہ کے لئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں، خبر سننے پر وہ بھی غم سے نڈھال ہو گئے۔

چند روز قبل 8 سالہ بچی کائنات بتول کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا جو بازیاب ہونے کے بعد چلڈرن ہسپتال لاہور میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سر توڑ کوشش جاری ہے، بچی زینت کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔

ایک سال کے دوران بچے اور بچیوں کے 10 واقعات ہوچکے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔