امداد کیلئے نہیں، ہمیشہ امن کیلئے جنگ لڑی: ترجمان پاک فوج


اسلام آباد (24 نیوز) ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز اور ترجمان پاکستان آرمی میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہماری نیت پرشک کرناخطے میں امن کونقصان پہنچائے گا۔ امداد روکنے سے باہمی سکیورٹی تعاون بھی متاثر ہو گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک فوج نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کیں۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے ،امریکی امداد روکنے سے باہمی سکیورٹی تعاون متاثر ہو گا لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کے خلاف ہماراعزم کمزور نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستان کو آمریت کے ادوار میں امریکہ نے زیادہ عسکری امداد دی

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ ہماری نیت پر شک کرنا خطے میں دیر پا امن کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھی پیسہ کے لیے نہیں لڑا بلکہ قیام امن کی خاطر جنگ کرتا رہا۔

واضح رہے کہ یکم جنوری کو امریکی صدر نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے پاگلوں کی طرح پچھلے 15 سالوں میں 33 بلین ڈالر پاکستان کو عسکری امداد کی مد میں دیئے۔ اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی وضاحت کی کہ جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں نشانہ بنا رہے ہیں، پاکستان ان کو پناہ دے رہا ہے۔