عمران خان کا سینیٹ الیکشن میں اپنے اراکین کے بکنے کااعتراف

عمران خان کا سینیٹ الیکشن میں اپنے اراکین کے بکنے کااعتراف

عمران خان کا سینیٹ الیکشن میں اپنے اراکین کے بکنے کااعتراف


کراچی(24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  نے سینیٹ الیکشن میں اپنے ارکان کے بکنے کااعتراف کرلیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ الیکشن میں پیسہ چلا، پارٹی میں معاملے کی تحقیقات کرائیں گے۔


کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں گندگی اپنی جگہ لیکن یہاں کرپشن ہے، شہر میں دہشت گردی اور خوف کی وجہ سے پڑھے لکھے لوگ سیاست میں نہیں آتے تھے، خوف کی وجہ سے شہر میں ترقی نہیں ہوسکی اور لوگ نوکریاں ڈھونڈنے دبئی چلے گئے، کراچی لاوارث ہے اسے کسی نے اون نہیں کیا، کراچی کے گاڈ فادر لندن چلے گئے اور سندھ میں جو حکومت آتی ہے اسے کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ انہیں یہاں سے ووٹ نہیں پڑتا، پیپلزپارٹی نے کراچی کو دودھ دینےوالی گائے سمجھا، شہر میں مافیا غالب ہے سب کچھ کھنڈر کریا۔

متلقہ خبر: چیئرمین سینیٹ کیلئے ن لیگ کا پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس کو تباہ کردیا گیا اسی لیے رینجرز موجود ہے، یہاں خیبرپختونخوا طرز کا پولیس سسٹم ضروری ہے، یہاں پیسے دے کر ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی ہے، ہم ایک نیا نظام لائیں گے، شہر میں مقامی حکومت کو مضبوط کرنا ہے، میئر براہِ راست منتخب ہوکر آنا چاہیے، عمران خان نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کراچی کا انفرا اسٹرکچر ٹھیک کریں گے اور یہ پھر روشنیوں کا شہر بن سکتا ہے۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے 2018 کا الیکشن کراچی سے لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے حلقے کا فیصلہ ٹیم کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ ہم خود کو وفاق کی جماعت سمجھتے ہیں، باقی جماعتیں صوبوں تک محدود ہوگئی ہیں، وفاق کی جو بھی جماعت ہوگی اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ کراچی کو اٹھائے، تخت لاہور سے کراچی کو کبھی کچھ نہیں ملا، سندھ والوں نے بھی کوئی پرواہ نہیں کی، ہم الیکشن جیتیں گے اور کراچی ٹھیک کرکے دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سینیٹ انتخابات میں پہلی بار منتخب ہونے پر کرشنا کماری کا اہم بیان
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ 2018 کا الیکشن تاریخی ہوگا جو ملک کو بدل دے گا،چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان 300 کی بجائے 900 ارب روپے باہر لے کر گیا، یہ ان کی کل دولت ہے، اب سب کو سمجھ آجانی چاہیے کہ کیوں نکالا کا دورہ کیوں ہورہا ہے، انہیں سزا کا ڈر ہے جو انہیں ہونا ہے۔


ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جمہوریت کی نفی ہوئی ہے اور پیسہ چلا ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں پر بھی پیسہ چلا اور کئی لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا، رشوت دی بھی گئی اورلی بھی گئی، پتا ہے رشوت کس نے دی، بدقسمتی سے رشوت لینے کا ثبوت نہیں، ہمارے کون کون سے لوگ بکے اس پر پرویز خٹک سے بات ہوئی ہے، اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹیم بٹھارہے ہیں اور تفتیش کررہے ہیں کہ کون سے لوگ بکے ہیں، ایک ایم پی اے کا ضمیر خریدنے کا ریٹ چار کروڑ لگا، کیا یہ پتا کرانا میری ذمہ داری ہے، کیا ادارے ختم ہوگئے، نیب، ایف آئی اے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں۔

پڑھنا نہ بھولئے: سپریم کورٹ نے4سینیٹرز کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیدیا
 چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج سیاست دانوں پر ساری قوم لعنت بھیج رہی ہے، سب کو پتا ہے پیسہ چلا، چیف جسٹس کو دیکھنا چاہیے کہ کیا جمہوریت میں لوگ ایسے بکتے ہیں، ساری قوم کے سامنے خریدو فروخت ہوئی، اب سیاستدانوں کی کیا عزت رہ گئی،جو رہنما پارٹیوں میں بیٹھے ہیں وہ خریدوفروخت کرتے ہیں، اب بتائیں پارلیمنٹ کا کتنا تقدس ختم ہوا، عوام جمہوریت اور اداروں کو بچاتی ہے کوئی فوج نہیں بچاتی۔