رئیس کی آسیہ کا ستارہ فرانس میں چمکے گا

رئیس کی آسیہ کا ستارہ فرانس میں چمکے گا


لاہور( 24نیوز )آپ نے بالی ووڈ فلم ” رئیس “تو دیکھی ہوگی اور اس میں آسیہ کی خوبصورت اداکاری سے بھی لطف اندوز ہوئے ہونگے ،اب رئیس کی آسیہ کا ستارہ فرانس میں چمکے گا۔
جی ہاں پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان 71 ویں سالانہ کانز فلم فیسٹیول 2018 میں شرکت کریں گی، ماہرہ خان نے فلم رئیس میں شاہ رخ خان کی بیوی آسیہ کا کردار نبھایا تھا۔
فرانس کے شہر کانز میں منعقد ہونے والے سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں ماہرہ خان بین الاقوامی میک اپ برانڈ لورئیل کی پہلی پاکستانی سفیر کے طور پر نمائندگی کریں گی،اس فلم فیسٹیول میں ہر سال بالی وڈ اور ہالی وڈ اداکارائیں ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرتی ہیں اور اب ان کے ساتھ پہلی بار پاکستان سے ماہرہ خان بھی شامل ہوں گی۔


اس سال کانز فلم فیسٹیول میں ہالی وڈ اداکارہ جولیان مور، جین فونڈا اور ایوا لنگوریا کی شرکت متوقع ہے جب کہ بالی وڈ سے دپیکا پڈوکون، ایشوریا رائے بچن اور سونم کپور شرکت کریں گی۔
71 واں سالانہ کانز فلم فیسٹیول رواں ماہ 9 مئی سے 20 مئی تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر سے دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ماہرہ خان بیروت انٹرنیشنل ایوارڈز فیسٹیول میں شرکت کرچکی ہیں۔