عاصمہ رانی قتل کیس: پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری طلب


اسلام آباد(24نیوز)سپریم کورٹ نیکوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چوہدری کو فوری طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میان ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ عاصمہ رانی قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے،سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کو فوری طلب کرلیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ' فواد چودھری کہتے ہیں کہ ہماری پولیس بہت مثالی ہے، انہیں طلب کر لیتے ہیں تاکہ پتا چلے کہ خیبرپختونخوا کی پولیس کتنی مثالی پولیس ہے'۔
سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ 'ملزم مجاہد آفریدی دبئی میں ہے یا سعودیہ عرب میں معلوم نہیں'۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 'یہ تو لگتا ہے کہ ملزم نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ قتل کیا'۔
عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا کہ 'کیا متاثرہ خاندان کا کوئی فرد عدالت میں موجود ہے؟جس پر کے پی پولیس حکام کی جانب سے کہا گیا کہ اگر عدالت کہے تو انہیں پیش کرسکتے ہیں۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 'پیش نہ کریں ہم انہیں عزت سے بلائیں گے۔
بعدازاں پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کی پیشی تک سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز عاصمہ رانی کی بہن صفیہ رانی کا ایک بیان سامنے آیا تھا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ کہ خیبر پختونخوا پولیس ان پر بیان واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں