عمران خان نائن الیون پرمشرف کی پالیسی کی حمایت کاجواب دیں: مریم اورنگزیب

عمران خان نائن الیون پرمشرف کی پالیسی کی حمایت کاجواب دیں: مریم اورنگزیب


اسلام آباد (24 نیوز) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب مشرف پاکستانیوں کو امریکی ڈالر کے عوض بیچ رہا تھا تو اس وقت عمران خان اس کے ساتھ تھا۔ عمران نائن الیون پر مشرف کی پالیسی کی حمایت کا جواب دیں۔

عمران خان کی پریس کانفرنس کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام وزیراعظم منتخب کرتے ہیں جب کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے لیے کسی کا سہارا ڈھونڈتے ہیں۔ عمران خان کی آج کی پریس کانفرنس نامعلوم نجومی کی ہدایت پر تھی۔ عمران خان ذہنی طور پر مفلوج ہیں اور نامعلوم نجومی کی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج سامنے آگیا کہ عمران کسی کی انگلی اور اشارے پر پاکستان کی ترقی روک رہے تھے۔ عمران کٹھ پتلی تھے، کٹھ پتلی ہیں اور وہ سمندر پار لوگوں کے لیے بھی وہی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کو دراصل شہباز شریف فوبیا ہوگیا ہے۔ انہیں چاہیے کہ عوام کی خدمت کریں اور وزیراعظم بننے کے لیے بیرونی سہارے، نامعلوم نجومی اور ایمپائر نہ ڈھونڈیں۔