احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد،شہباز شریف کا تحریک چلانے کا اعلان

احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد،شہباز شریف کا تحریک چلانے کا اعلان


لاہور( 24نیوز )مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ظلم اور زیادتی پر مبنی ہے اور انہوں نے ساتھ ہی ملک کے کونے کونے میں جانے کا اعلان کیا ہے۔
ماڈل ٹاﺅن آفس میں انہوں نے عدالتی فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاناما، ایون فیلڈ اور آف شور کمپنیوں میں نوازشریف کا نام نہیں، مقدمے میں کوئی ٹھوس قانونی دستاویز مہیا نہیں کی گئی، فیصلے میں بہت قانونی خامیاں ہیں، احتساب عدالت کا فیصلہ تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا،یہ بات دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف وہ شخص ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا اور ایٹمی قوت بناتے وقت خارجی دباو¿، لالچ اور دھمکیوں کو ٹھکرایا، عوام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کا موجد نواز شریف ہے، دیامر بھاشا کو سردخانے سے نکال کر عملی میدان میں لانے والا نواز شریف ہے۔آج اس قوم کے سپوت کو سزا سنا گئی جنہوں نے اس ملک کی بے پناہ خدمت کی، نواز شریف نے ہمیشہ جبر اور دباو کا حوصلے اور خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس:نواز شریف کو10،مریم نواز کو 7سال قید
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے وہ 109 مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور ملکی 70 سالہ تاریخ میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں، جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا، اربوں کھربوں سمیٹ کر لے گئے، ان کے بارے میں نیب نے کیا فیصلے کی، نیب عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا لیکن 25 جولائی کو عوامی عدالت لگنے والی ہے اور وہ عوامی فیصلہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ثابت کرے گا یہ عوامی عدالت کا فیصلہ ٹھیک ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے کونے کونے میں جاوں گا اور جاکر اس زیادتی اور ناانصافی سے عوام کو ا?گاہ کروں گا، 25 جولائی کو فجر کی نماز کے بعد عوامی عدالت میں صحیح معنوں میں گواہی دے گا۔