عام انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری

عام انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری


اسلام آباد (24 نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں جاری کردیں۔ قومی اسمبلی کا پہلا حلقہ اب پشاور کے بجائے چترال سے شروع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے پنجاب میں 141، خیبرپختونخواہ کے 39، بلوچستان کے 16، سندھ کے 61، اسلام آباد کے 3 اور فاٹا میں 12 جنرل نشستوں کے حلقے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ نے4سینیٹرز کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیدیا

بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی 51، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 99، پنجاب کی 297 اور سندھ اسمبلی کی 130 نشستیں برقرار ر ہیں گی۔

خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے ایک چترال سے این اے 39 ڈیرہ اسمعیل خان تک ہوں گے۔

فاٹا کے حلقے این اے 40 سے 51تک، اسلام آباد کے حلقے این اے 52سے 54تک جبکہ این اے 55اٹک سے 195راجن پور تک جائیں گے۔

سندھ میں قومی اسمبلی حلقہ 196، جیکب آباد سے 256کراچی تک ہوں گے۔

بلوچستان کی میں حلقہ 257قلعہ سیف اللہ شیرانی سے 272گوادر تک ہوں گے۔

پنجاب کے گیارہ اضلاع کی قومی اسمبلی کی گیارہ نشستیں کم کی گئی ہیں جن میں اٹک، گوجرنوالا، حافظ آباد، نارروال، قصور، شیخو پورہ، فیصل آباد، پاکپتن، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ کے اضلاع شامل ہیں۔

جبکہ دوسری طرف پنجاب کے چار اضلاع ڈی جی خان، لاہور، مظفر گڑھ اور راجن پور میں قومی اسمبلی کی ایک ایک نشست کے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اگر صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی بات کی جائے تو پنجاب کے 9اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 9 نشستیں کم ہوں گی۔ جن میں جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، منڈی بہاوالدین، قصور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اوکاڑہ شامل ہیں۔

تاہم ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور راولپنڈ ی کے اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک نشست جبکہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں کا اضافہ ہو گا۔

پڑھنا نہ بھولئے:چیئرمین سینیٹ کیلئے ن لیگ کا پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ

کراچی کی قومی اسمبلی کی نشست میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور جیکب آباد میں کمی واقع ہو ئی ہے۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ کراچی کو صوبائی اسمبلی کی دو نشستیں مزید دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوشیروفیروز، شکار پور میں صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک نشست کم ہو گی۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، ٹانک، سوات اور لوئر دیر کی قومی اسمبلی کی ایک ،ایک نشست کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی ایک نشست میں اضافہ ہو گا۔

کوئٹہ کی قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستیں بڑھ گئیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق لاہورمیں قومی اسمبلی کی 14، پنجاب اسمبلی میں 30، راولپنڈی کی قومی اسمبلی میں 7 اور پنجاب اسمبلی میں 15 نشستیں ہوں گی۔

کراچی کے 6 اضلاع میں قومی اسمبلی کی 21 اور سندھ اسمبلی کی 44 سیٹیں ہوں گی۔

کوئٹہ میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 9 سیٹیں ہوں گی۔

پشاور قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 14 سیٹیں ہوں گی۔