سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،4دہشتگرد ہلاک،ایک گرفتار

سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،4دہشتگرد ہلاک،ایک گرفتار


چمن (24نیوز)پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا جبکہ کراچی میں ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے داعش سے منسلک دہشتگرد کو پکڑ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے کراچی میں کارروائی کی جس کے دوران داعش کے لئے کام کرنے والا مبینہ دہشت گرد عمران عرف سیف الاسلام پکڑا گیا جب کہ اس کے قبضے سے داعش کا جھنڈا، لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز سمیت دیگر اشیا برآمد کی گئیں، گرفتار دہشتگرد عمران عرف سیف الاسلام کا ہدف نوجوان طبقہ تھا اور وہ سوشل میڈیا پر داعش کے لئے نوجوانوں کی ذہن سازی کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا ایک ساتھی خلیل الرحمان پہلے ہی گرفتار ہے جب کہ دہشت گردوں نے سوشل میڈیا پر 50 سے زائد پیچز بنا رکھے تھے جن کے ذریعے وہ لوگوں کو داعش میں شمولیت سے متعلق ترغیب دیتے تھے۔