وقفہ وقفہ سےبارش ،ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا ، خوشگوار کردیا


لاہور(24نیوز) لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، وقفے وقفے سےبارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا اور خوشگوار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے رنگ جمادیا، گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوارہوگیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہوگئی۔   بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ، تیزبارش کی بوندوں کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے بھی خوب رنگ جمایا, موسم کی کروٹ نے آتی گرمی کو بھی جاتا کر دیا. حبس کا خاتمہ ہوگیا، گرمی کی آمد سے پریشان لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: جہلم میں خاندانی تنازع 3 جانیں لے گیا 

لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور، ملتان ، خانیوال ،شیخوپورہ ،قصور،سرگودھا،منڈی بہاءالدین ، فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب اورخیبرپختونخواکےمختلف علاقوں میں بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

چونیاں ،چھانگا مانگا، ‏الہٰ آباد،کنگن پورمیں  بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ساری زندگی (ن) لیگ کا بوجھ اٹھایا، جوتیاں نہیں اٹھا سکتا

چھٹی کے روز شہریوں نےخوشگوار موسم انجوائے کرنے کے لیے پارکوں کا رخ اختیار کرلیا، اس موقع پر بچے اور خواتین سلفیاں لینے میں مشغول ہیں اور اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

 

جہاں بارش ابر رحمت ہے وہیں کئی علاقوں میں بارش لوگو ں کے لیے زحمت بھی بن گئی ہے ، مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش سے بجلی ترسیل کا نظام خراب ہوگیا ، کئی علاقوں میں تو بجلی ایسے غائب ہوگئی جیسے بیوی روٹھ کر اپنے میکے چلی جاتی ہے اور واپس آنے کانام نہیں لیتی۔ان علاقوں میں لوگ ایسے اشعار پڑھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں :

ان بارشوں سے کہہ دو کہیں اور جابسیں 

یہ پاکستان ہے، یہاں گوڈے گوڈے کیچڑ ہوجاتا ہے

بارش کئی خاندانوں کی زندگیاں بھی اجاڑ گئی، سنٹرل کرم ایجنسی کے علاقہ تورہ وڑے اور پاڑہ چمکنی میں آسمانی بجلی گرگئی،  جس سے سیکیورٹی فورسز کےچار اہلکارشہید ہوگئے۔اہلکاروں کےجسم بری طرح جھلس گئے۔دوسری جانب چنیوٹ میں بھی آسمانی بجلی گر گئی  جس کے نتیجے میں 16 سالہ ثنااللہ جاں بحق اور 25سالہ آسیہ کی ٹانگیں جل گئیں۔

 

جبکہ محمکہ موسمیات نے آج بروز اتوار کو اسلام آباد، خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں  تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسکے علاوہ  ملتان، بہاولپور، فیصل آباد ، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر تیز ہواوٗں اور آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔