شہباز شریف کو برداشت نہیں کریں گے، ہم سڑکوں پر لڑیں گے: آصف زرداری

شہباز شریف کو برداشت نہیں کریں گے، ہم سڑکوں پر لڑیں گے: آصف زرداری


  لاہور (24 نیوز): سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سانحہ سے اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن بربریت کی بدترین مثال ہے، بہت ہو گیا، شہباز شریف استعفیٰ دیں۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحہ سے اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن بربریت کی بدترین مثال ہے، بہت ہو گیا، شہباز شریف استعفیٰ دیں، رپورٹ کے بعد شہباز شریف وزارت اعلیٰ کے اہل نہیں، اب ہم شہباز کو برداشت نہیں کریں گے، سن لو شہباز شریف ، ہم سڑکوں پر لڑیں گے، جمہوریت وہ نہیں جو نواز، شہباز چلا رہے ہیں۔ 36 وزارتیں ایک وزیر اعلیٰ کے پاس ہونا جمہوریت نہیں، وزیر اعظم سال میں صرف 4 بار پارلیمنٹ آتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ صاحب نے بی بی کے زمانے سے ہمارا ساتھ دیا، اُن سے ہماری پرانی وابستگی ہے، شہدا کے ورثا اور عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ ہم نے جمہوریت کے لئے کام کیا، بادشاہت کے لئے کبھی کام نہیں کیا، حکومت پر دباؤ کے لئے ہر حد تک جائیں گے، آئندہ انتخابات سے پہلے حکومت کو ہٹا دیں گے۔ شریفوں کو پنجاب میں ہتھکڑی نہیں لگے گی، سزائیں ہو سکتی ہیں، موجودہ مسائل کو صرف سیاسی قوتیں حل کر سکتی ہیں۔