ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی


ابو ظہبی ( 24 نیوز ) کیویزنے 3 میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی، آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو 123 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،  قومی ٹیم 280 رنز کے تعاقب میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نےابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کو 123 رنز سے شکست دے کرتین میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی، شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے7وکٹوں کےنقصان پر353 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تو قومی ٹیم کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا۔ کیوی کپتان کین ولیمسن 139 اور ہینری نکولس 126 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شاہین آفریدی 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین کیپس کیجانب سےامام الحق اورمحمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا،اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے محمد حفیظ 8 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اظہر علی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ اسد شفیق کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، حارث سہیل 9،امام الحق 22،کپتان سرفرازاحمد28، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے 6 بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ 

بابراعظم نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سومرویلے،ٹم ساؤتھی اور اعجاز نے اعجاز پٹیل 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز میں 29 وکٹیں حاصل کرنے پر یاسر شاہ  مین آف سیریز  قرار پائے۔