’’واشنگٹن کو دی گئی رسائی پاکستان کسی بھی لمحے بند کرسکتا ہے‘‘


نیویارک (24 نیوز) امریکی اخبار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتباہ کیا ہے کہ واشنگٹن کو دی گئی رسائی پاکستان کسی بھی لمحے بند کرسکتا ہے۔

امریکا کے صف اول کے اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ اس بات کے متحمل نہیں ہوسکتے کہ پاکستان کو چھوڑ دیں، تاہم ٹرمپ کے پاکستان کے خلاف فیصلے سے لگتا نہیں کہ ان کے پاس اثرات سے نمٹنے کی پالیسی موجود ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ کا پرانے پارٹنرز کو امریکا سے دور کرنے کا فیصلہ چین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کو دیگر سفارتی طریقے اپنانے چاہیں۔

امریکی اخبار نے ٹرمپ کو انتباہ کیا کہ سعودی عرب اور امارات سے تعلقات استعمال میں لانے چاہیں اور امریکا کو پاکستان سے تعاون کے لیے شور مچانے کے بجائے خاموش بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے اہم خفیہ معلومات اکثر امریکا کو فراہم کی ہیں اب یہ دیکھنا ہوگا کہ امداد منجمد کرنے پر پاکستان تعاون کرتا بھی ہے یا نہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق افغانستان کے لیے ہر فوجی پرواز پاکستانی فضا سے گزرتی ہے، زیادہ ترسپلائی پاکستانی ریل یا روڈ سے ہوتی ہے، تاہم امریکا کو دی گئی رسائی پاکستان کسی بھی لمحے بند کرسکتا ہے۔ اخبار نے اپنے اداریے میں امریکی صدر کو مشورہ دیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ذریعے طالبان کی خلیج فارس میں فنڈز اکھٹا کرنے کی کوشش ناکام بنانا چاہیے۔