بیگم بشریٰ مانیکا کے بیٹے نے والدہ کی شادی کی خبروں کی تردید کردی


اسلام آباد (24 نیوز) بیگم بشریٰ مانیکا کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے والدہ کی شادی کی خبروں کی تردید کردی، کہتے ہیں والدہ کے نکاح کی خبر جھوٹی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیگم بشریٰ مانیکا کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے والدہ کی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کو جائے نماز اور برقعہ کے سوا کسی نے نہیں دیکھا، میری والدہ ہر وقت اللہ اللہ کرتی ہیں، پتہ نہیں لوگ کہاں سے باتیں گڑھ لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے شادی کے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی خبر کو افسوسناک قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی نجی زندگی کے بارے میں اسطرح کی خبر نہایت بدقسمتی ہے۔ اس خبر میں ایک ایسی خاتون کو بھی گھسیٹا گیا جو کسی طور عوامی نہیں، ریکارڈ کی درستگی کیلئے عرض ہے کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کیلئے تجویز کیا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس اور نجی معاملے کو غلط اور حقائق کے برعکس موضوع سخن بنانا افسوسناک ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے بچوں پر انتہائی ناروا دباؤ آیا، جب بھی نکاح کی تجویز قبول کی جائے گی، عمران خان باضابطہ طور پر اسکا اعلان کریں گے، تب تک میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ دونوں خاندانوں کے نجی معاملات کا احترام کرے اور اس پر قیاس آرائیوں سے گریز برتے۔