’’18ویں ترمیم کو کالا قانون کہنے والے خود کالے ہیں‘‘

’’18ویں ترمیم کو کالا قانون کہنے والے خود کالے ہیں‘‘


کراچی ( 24نیوز ) پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم قانون کی شق ہے، جو لوگ اسے کالا قانون کہتے ہیں وہ خود کالے ہیں، ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سینئر رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت 18ویں ترمیم کو کالا قانون کہہ رہی ہے اٹھارہویں ترمیم کو جو کالا قانون کہ رہے ہیں وہ خود کالے ہیں ایسے کالے لوگوں کی ملک کو ضرورت نہیں ہے۔

آصف علی زرداری کے خلاف نیب کیسز کے حوالے سے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے فیصلے حکومت کو پہلے سے معلوم ہو رہے ہیں یہ کیا سلسلہ ہے آصف زرداری اور نوازشریف کی ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان اور مشرف مل سکتے ہیں تو زرداری اور نوازشریف کیوں نہیں مل سکتے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تال پور کی بینکنگ کورٹ میں پیشی ہے اگر کوئی فیصلہ آیا تو وہ ملکی سیاست کا رُخ تبدیل کردے گا۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں سید خورشید شاہ نے مختلف فرنیچر کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔