پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا

پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا


اسلام آباد( 24نیوز ) سپریم کورٹ نے ان کو 13 جون کو لاہور طلب کرتے ہوئے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی، چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف صاحب کون ہیں اور کیا کہتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں۔

عدالت نے پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے پرویز مشرف کو 13 جون (بدھ) کو لاہور طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف 13 جون کو عدالت میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  چیف جسٹس دل کی بات زباں پر لے آئے

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو الیکشن 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا فیصلہ موجودہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔

یاد رہے پرویز مشرف کے خلاف ملک میں سنگین غداری کا مقدمہ بھی چل رہا ہے جس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ گزشتہ دنوں آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا تھا کہ پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کیخلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا، پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں4 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف پاکستان آئیں گے۔

یاد رہےامیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا۔ وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت کے حکم کی روشنی میں گزشتہ ماہ  22مئی کو پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا، پرویز مشرف کا پاسپورٹ نمبر AJ0848365ہے ۔