ایک گراؤنڈ، دو پارٹیاں،کراچی میں بڑا ہنگامہ ہونے کا خدشہ


کراچی(24نیوز) ایک دن ، ایک مقام ، ایک وقت لیکن سیاسی پارٹیاں دو ۔ کراچی میں ہونے والا ہے تاریخ کا سب سے بڑا انوکھا  دنگل۔ جہاں پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف 12 مئی کو  گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کریں گی۔ 

یوں تو کراچی پاکستان نہیں بلکہ دنیا کے بڑے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے لیکن شاید ہمارے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے یہ شہر چھوٹا پڑ گیا اسی لیے تو دونوں  سیاسی جماعتوں نے ایک ہی دن کراچی کے ایک ہی گراؤنڈ پر سیاسی پاور شو کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے 12 مئی کو گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسی حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں تشہیری مہم شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنوں نے ٹھکرایا،غیروں نے سر آنکھو ں پر بٹھایا

 ایک طرف تو تحریک انصاف نے جلسہ کے حوالے سے گراؤنڈ میں کیمپ  لگایا ہوا ہے جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بھی جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے حکیم سعید گراؤنڈ کا دورے کرنے شروع کردیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ 12 مئی کو ہر حال میں حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا جب کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی  نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جلسے کی اجازت نہیں مانگی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تیاریاں مکمل ہیں،جلسے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔