افغان طالبان نے روس کو ہاں کردی

افغان طالبان نے روس کو ہاں کردی


کابل( 24نیوز )افغان طالبان نے روس کی جانب سے افغانستان پر منعقدہ کثیر الملکی اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے سرکاری طور پر اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ روس کی جانب سے افغانستان پر منعقد کردہ کثیر ملکی اجلاس میں شرکت کریں گے تاہم باغی گروپ نے وضاحت کی کہ گروپ ماسکو میں ہونے والے اجلاس کے دوران افغان امن عمل اور مفاہمتی مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ قطر میں قائم طالبان دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد جمعہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے دارالحکومت جائے گا، مجاہد نے اِس بات پر زور دیا کہ کانفرنس کا مقصد کسی مخصوص فریق سے مذاکرات کرنا نہیں ہے بلکہ اجلاس میں افغان بحران کا مربوط پرامن حل تلاش کرنا اور امریکی قبضہ خالی کرانا ہے۔


اجلاس میں شرکت کے لیے روس نے 12 ملکوں اور طالبان کو مدعو کیا گیاہے ، امریکا اور افغان حکومت نے دعوت نامہ مسترد کر دیا ہے جبکہ پاکستان ، ایران، چین، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان اجلاس میں شرکت کریں گے۔