دوسروں کیخلاف دھرنا دینے والے عوام سے خوفزدہ


لاہور( 24نیوز ) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے،وہ گورنر ہاﺅس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کرینگے،مختلف وفود سے ملاقات بھی کرینگے۔

لاہوریوں نے ان کے دورے کے رنگ میں بھنگ ڈالی تو انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی،وزیر اعظم کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر احتجاج کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد سے قبل نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے متاثرین اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ڈیلی ویجز ملازمین جمع ہوئے اور احتجاج کی،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران دھکم پیل بھی ہوئی جس کے بعد پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

شہریوں کے احتجاج کے باعث کینال روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ایک روزہ لاہور کے دورے کے دوران گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت صوبائی وزرا ملاقاتیں کریں گے جب کہ وزیراعظم کو نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔