پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک اور بڑا جھٹکا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک اور بڑا جھٹکا


لاہور (24نیوز) پاکستان ہاکی سیریز میں تین غیرملکی ٹیموں سری لنکا ، اومان اور قطر نے شرکت سے انکار کردیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ دیا۔  

تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کی مشکلات میں کمی نہ آسکی۔ ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی بد ترین شکست کے بعد پاکستان ہاکی سیریز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا۔ 26 سے 30 ستمبر کے درمیان لاہور میں پاکستان ہاکی سیریز کا اانعقاد ہونا تھا جس میں پا کستان کےعلاوہ 6 ٹیموں سری لنکا ، اومان ، قطر ، قازقستان، افغانستان اور بنگلہ دیش نے شرکت کرنا تھی مگرعین موقع پر سری لنکا ، اومان اور قطر نے ٹورنامنٹ مین شرکت کرنے سے معذرت کرلی۔

پاکستان ہاکی سیریز کے انعقاد کو خطرے میں دیکھ کر پی ایچ ایف  نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق پاکستان فل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔

 6 ملکی ٹورنامنٹ سے قطر ، سری لنکا اور اومان نے مالی وسائل یا ٹیم مصروفیات کا جواز بنا کر شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کی شرکت یقینی بنائے، پی ایچ ایف اس کیلئے ایونٹ کی تاریخیں بھی آگے بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔