سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکرسے نوجوان کی ہلاکت، امریکی سفیر کی دفترخارجہ طلبی


اسلام آباد (24 نیوز) اسلام آباد کے نواحی علاقہ تلہاڑ کے نوجوان عتیق بیگ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ عتیق بیگ گزشتہ رات تھانہ کوہسارکی حدود میں سیکٹر ایف ایٹ کے سگنل پرامریکی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

24 نیوز کے مطابق غریب عتیق بیگ کی ناگہانی موت پر کسی اہم شخصیت نے نماز جنازہ میں شرکت نہ کی۔ مرحوم کے والد نے مطالبہ کیا کہ اسے انصاف دلوایا جائے۔ پولیس کے مطابق گاڑی امریکی سفارتخانہ کے ایئراتاشی کرنل جوزف چلارہے تھے جو نشہ میں دھت تھے۔

 24 نیوز کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کے اہلکار نے بند سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا۔ بائیس سالہ عتیق جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم سفارتی استثنیٰ کے نام پر سفارت کار کو گرفتار ہی نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر گولیاں برسادیں، شہادتوں میں اضافہ 

تفصیلات کے مطابق امریکی اہلکار کی جانب سے نوجوان طالب علم کی موٹر سائیکل کو ٹکر کا واقعہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسارکی حدود میں سیکٹر ایف ایٹ کے سگنل پر پیش آیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سگنل بند ہونے کے باوجود امریکی سفارت کار نے موٹرسائیکل سواروں کو ہٹ کیا۔ حادثہ میں بائیس سالہ طالب علم عتیق بیگ جاں بحق اور اس کا رشتہ دار راحیل زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی امریکی سفارتخانہ کے ایئر اتاشی کرنل جوزف چلا رہے تھے۔ جو نشہ میں دھت تھے۔ امریکی سفارتخانہ کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔ مقدمہ بھی درج ہوا ہے تاہم پولیس نے سفارتی استثنیٰ کے باعث امریکی ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف کو گرفتار نہیں کیا۔

 پڑھنا نہ بھولئے: تحریک لبیک کا دھرنا جاری،ملک گیر احتجاج کی دھمکی 

ٹریفک حادثے میں زخمی راحیل احمداسلام اباد کے پولی کلینک میں زیرعلاج ہے۔ اس معاملہ پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی دفترخارجہ طلبی کی گئی۔ جبکہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔