ڈالر کو پر لگ گئے، پاکستانی روپیہ لڑ کھڑا گیا

ڈالر کو پر لگ گئے، پاکستانی روپیہ لڑ کھڑا گیا


اسلام آباد (24نیوز) بیرونی کھاتوں میں ریکارڈ خسارے کا دباؤ، یا ملکی سیاسی صورتحال میں اتار چڑھاو، مارکیٹ میں ڈالر کو پر لگ گئے، ایک گھنٹے کی ٹریڈنگ میں ہی تین روپے مہنگا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کے روز ٹریڈنگ کے آغاز میں ہی ڈالر تقریبا 3 فیصد اضافے سے 108 روپے 50 پیسے کا ہو گیا، کاروبار کے دوران ڈالر 110 روپے کا بھی فروخت ہوا، تاہم پہلے سیشن کے اختتام پر ڈالر 106 روپے 60 پیسے کا تھا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 109 روپے 50 پیسے تک بتائی گئی، لیکن مرکزی بینک کی طرف سے کوئی واضع موقف سامنے نہ آنے کے باعث کرنسی ڈیلر بے یقینی کا شکار رہے۔

اسٹیٹ بینک نے مارکیٹ میں مداخلت نہیں کی، اس بارے میں بینک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں اتار چڑھاو مارکیٹ کے رجحان کے مطابق ہے، تاہم اسٹیٹ بینک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے بھی روپے کی قدر کم نہ کرنے پر مسلسل تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا، اور اسلام آباد میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے مزاکرات بھی جاری ہیں، اس سے قبل 5 جولائی کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اچانک 3 روپے 34 پیسے کی کمی ہو گئی تھی، تاہم وزیر خزانہ کے نوٹس پر ڈالر دوبارہ 105 روپے 50 پیسے کا ہو گیا تھا۔