ہاتھوں میں جھاڑو،کاندھوں پر بستے،بچے سندھ حکومت کیخلاف سڑکوں پر آگئے


کراچی ( 24نیوز ) سندھ اور کراچی شہر کی مقامی حکومتیں شہر کو صاف کرنے میں ناکام ہوگئیں تو انوکھے احتجاج شروع ہوگئے۔
کراچی میں لیاری آگرہ تاج میں سیوریج سسٹم کئی روز سے خراب پڑا ہے، سیوریج کا پانی سڑک پر آنے سے مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی،شہریوں کا یہاں سے گزرنا محال ہوچکا ہے،شہریوں کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود انتظامیہ نے کان نہیں دھرے۔
انتظامیہ کی اس بے حسی پر سکول کے بچے سڑکوں پر آگئے، وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، بچوں نے سکول یونیفارم میں سیورج کے ابتر نظام کیخلاف ماڑی پور روڈ پر احتجاج کیا جس سے سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگئی۔
طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بینرز جھاڑو بھی اٹھارکھے تھے، اسکول کے بچوں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ ، چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا نوٹس لیں اور گندے پانی سے نجات دلائیں ۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں